کاروار یکم /ستمبر (ایس او نیوز) ضلع انچارج سکریٹری منیش موڈگِل نے یہاں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ ایک اہم نشست میں مختلف محکمہ جات کی کارروائیوں اور سرکاری پروگرام پر عمل درآمد کی تفصیلات معلوم کیں۔
میٹنگ میں موجود افسران سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا کہ سرکاری دفتروں میں انتظامات کو چاق و چوبند رکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ کے افسران کو چاہیے کہ وہ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کرہاسٹلس، اسپتال، آنگن واڑی اسکول اور راشن کی دکانوں پر اچانک معائنہ کی کارروائی انجام دیا کریں۔ کیونکہ حکومت کی طرف سے عوام کے فلاح و بہبود کے لئے جو بھی پروگرام بنائے جاتے ہیں ان پر عمل درآمد کی نگرانی ضروری ہے۔اگر اچانک معائنہ کرنے کا طریقہ اپنایا جاتا ہے اور کوتاہی کرنے والو ں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاتی ہے تو پھر متعلقہ افسران کے اندر تندہی سے کام کرنے کاجذبہ بید ار ہوگا اور انتظامیہ میں سدھار آ جائے گا۔ انہوں نے سرکار کی مختلف اسکیموں کو صحیح طریقے پر لاگو کرنے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کو مناسب ہدایات دیں۔ماہی گیری کا آغاز ہونے کی صورت میں مچھیروں کے جانی اور مالی تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اور اصولوں پر پوری توجہ دینے کو کہا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے خصوصی افسر گوُتّی جمبو ناتھ، پروبیشنری آئی اے ایس افیسر فوزیہ ترنم اور مختلف محکمہ جات کے افسران نشست میں شریک تھے۔
میٹنگ کے بعد مسٹر موڈگل نے راجیوگاندھی رورل ہاسنگ کارپوریشن لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائریکٹرکی حیثیت سے کاروارکونے نال اور نندن گدّا کے علاقوں میں پہنچ کر وہاں کے رہائشی انتظامات اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
